نئے گھرلینے کا وظیفہ

لاہور(این این ایس نیوز)میں پچھلے اٹھارہ سال سے اٹلی میں رہ رہا ہوں ۔میرا کنبہ بڑا ہے ،مجھے یہاں لیگل ہوئے تقریباً چھ سال ہونے کو ہیں ۔میں یورپ آیا تھا کہ اپنی اور گھر والوں کی زندگیاں بدل دوں گا ۔لیکن گھر والوں کو اچھا رہن سہن دینے اور اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دینے کے علاوہ ابھی تک اپنا گھر نہیں بنا سکا۔جو پیسہ جمع کیا اسے بہن بھائیوں کی شادیوں اور تعلیم پر خرچ کردیا ،پھر میری شادی ہوئی

اور بچوں کی تعلیم میں لگ گیا ۔میں اب پاکستان واپس آنا چاہتا ہوں ۔اب تک ہم سب بھائی ایک ہی آبائی گھر میں رہ رہے ہیں لیکن میں جانتا ہوں کہ مزید اکٹھے رہنا مشکل ہوگا ۔میں اپنا مکان بنانا چاہتا ہوں ،بڑی مشکل سے ایک کالونی میں قسطوں پر دس مرلہ کا پلاٹ لیا ہے ، اب اس پر گھر بنانا چاہتا ہوں مگر پیسہ ہاتھ میں نہیں ٹک رہا ۔اخراجات بڑھتے جارہے ہیں ۔فیملی کا تقاضا بھی بہت ہے۔مجھے کوئی تسبیح بتادیجئے تاکہ مجھ پر اللہ کی رحمت ہو اور میں اپنا مکان بنانے میں کامیاب ہوجاوں ۔میری عمر پچپن سال ہوچکی ہے ،مزید محنت مزدوری کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے ۔(منیر حسین ،بلونیا اٹلی )

جواب ۔اپنا مکان تعمیر کرنے کی خواہش میں انسان بہت زیادہ محنت کرتا ہے ۔لوگ سمجھتے ہیں کہ اپنے گھر بار کی خوشیوں کے لئے ہی لوگ دیار غیر چلے جاتے ہیں اور ڈالر پاونڈ ریال درہم کما کر دوسروں سے زیادہ خوشحال ہوجاتے ہیں لیکن حقیقت یہ بھی ہے کہ بہت سے پاکستانی دیار غیر میں اپنا پیٹ کاٹ کر میٹھی نیندیں چھوڑ کر اتنی محنت کرتے ہیں کہ بمشکل اپنا ہی گزارہ کرپاتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کے لئے اپنا گھر تعمیر کرنا بھی خواب بن کر رہ جاتا ہے ۔پاکستان کے اندر بھی ایسے کروڑوں لوگ ہیں جن کے اپنے گھر نہیں اور ان میں سے لاکھوں لوگ دن رات اپنا گھر بنانے کی کوششوں میں لگے رہتے اور حلال و حرام میں تمیز کھودیتے ہیں۔یہ نصیب کی بات ہے کہ کسے دنیا میں اپنا گھر بنانے کی توفیق ہوگی ،یہاں تو زیادہ تر وہی خوش قسمت لوگ اپنا گھر تعمیر کرپاتے ہیں جن کی عمریں ڈھل جاتی ہیں ،جوانی گھر بار کے معاملوں کو نبھاہنے میں گزرجاتی ہے ۔ایسے حضرات جو یہ خواہش رکھتے ہوں کہ ان کا اپناذاتی گھر ہونا چاہئے تو انہیں یہ تسبیح پڑھتے رہنی چاہئے ۔اوّل آخر درود پاک تین بار اور’’ یاربّ یا باسط یاربّ العالمین ‘‘ روزانہ تین سو تیرہ بار نماز عشاء کے بعد دل میں پڑھیں اور دعا کرتے رہیں۔انشا اللہ جلددلی مراد پوری ہوگی،باوضو رہنے کی کوشش کریں اور صدقہ دیتے رہیں۔ (اپنے مسائل کے حل کے لئے اسما الحسنٰی کی روحانی تسبیح حاصل کرنے کے لئے اس ای میل پر ،اپنا پورا نام ،کاروبار،شہر اور مسئلہ لکھ کر بھیجیں nizamdaola@gmail.com )

Comments are closed.