اگر ڈاکٹر کی سالگرہ ہو تو اس سے سرجری نہ کروائیں سائنسدانوں نے پریشان کن انکشاف کردیا

نیویارک(این این ایس نیوز) اگر کسی کی خدانخواستہ آئندہ دنوں میں سرجری ہونے والی ہے تو اسے چاہیے کہ پہلے اپنے سرجن کی سالگرہ کے بارے میں پوچھ لے کہ کہیں وہ سرجری کے دن تو نہیں آ رہی؟ کیونکہ اس حوالے سے ماہرین نے نئی تحقیق میں ایک حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس کے ماہرین نے بتایا ہے کہ سرجری کرانے والے ان مریضوں کی موت ہونے کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے جن کی سرجری سرجن نے اپنی سالگرہ کے دن کی ہو۔

ماہرین نے اس کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ اس دن سرجن اپنی توجہ کام پر مرکوز نہیں رکھ پاتا جس سے غلطی کا امکان بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر یوسوک تسوگاوا کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اپنی تحقیق میں سرجری کروانے والے ہزاروں مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔اس دوران انکشاف ہوا کہ ان مریضوں کی موت ہونے کی شرح سب سے زیادہ تھی جن کی سرجری سرجن نے اپنی سالگرہ کے دن کی تھی۔ اس کے علاوہ کرسمس کے دن، نئے سال کی چھٹیوں اور ہفتے کی چھٹیوں کے دوران جن لوگوں کی سرجری ہوئی، ان میں موت کی شرح زیادہ پائی گئی۔“

Comments are closed.